تبصرہ۔فیمیلی کاؤسلنگ ۔کراچی
کتاب: *فیملی کاونسلنگ*۔
عبدالعظیم رحمانی ملکاپوری
خاندان یا فیملی زندگی کا سب سے اہم شعبہ ہے جس کے بغیر زندگی تو کیا، کائنات کا وجود ممکن نہیں۔ انسان ہمیشہ سے اپنے خاندان کی بقا اور ترویج کیلئے کوشش کرتا رہا ہے۔ خاندان ہر انسان کی ایک بنیادی فطری ضرورت ہے۔البتہ جدید صنعتی دَور میں کہ جہاں سرمایہ دارانہ مزاج نے ہر امیر غریب کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، خاندان کا انسٹیٹیوٹ بری طرح متاثر ہوا ہے۔ اس وجہ سے نہ صرف مغرب میں خاندان کا فطری تصور بدل گیا، بلکہ جہاں باقاعدہ شادیاں کی جاتی ہیں، وہاں بھی طلاقوں کی شرح پچاس فیصد سے بڑھ چکی ہے۔
پاکستان اور ہندستان ایسے ممالک جو بیسویں صدی تک اس عفریب سے بڑی حد تک محفوظ تھے، اکیسویں صدی میں انٹرنیٹ کے باعث تیز رفتار معلومات اور ثقافتوں کی منتقلی کے باعث اس کا شکار ہوچکے ہیں۔ اب ہمارے ہاں بھی وہی گھمبیر خاندانی مسائل جنم لے رہے ہیں جو کبھی مغربی ثقافت کیلئے مخصوص تھے۔ اس وجہ سے انسان کا فطری عائلی ڈھانچا شدید متاثر ہوگیا ہے۔ اور ظاہر ہے،اس نے انسان کو ذہنی اور جذباتی مسائل کا شکار بھی کیا ہے۔
میں سمجھتا ہوں کہ اس بارے میں ہمارے باشعور حلقوں کو ہنگامی بنیادوں پر کام کرنا چاہیے، کیوں کہ خاندان معاشرتی عمارت کا وہ مرکزی ستون ہے جس پر پوری معاشرے کی بقا کا دارومدار ہوتا ہے۔ محترم عبدالعظیم رحمانی ملکاپوری کی یہ کتاب ’’فیملی کاونسلنگ‘‘ بند گلی سے نکلنے کا راستہ ۔۔۔۔اس سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ موقر مولف کا تعلق ممبئی (ہندستان) سے ہے اور انھوں نے دلچسپ انداز میں اس موضوع پر بات کی ہے۔
کتاب میں بنیادی اور عمومی عائلی اور خاندانی مسائل کو موضوع بحث بنایا گیا ہے۔ خاص کر جا بہ جا کیس اسٹڈیز سے کتاب کی جاذبیت میں اضافہ ہوتا ہے اور یہ مواد کتاب کو دیگر کتابوں سے منفرد بناتا ہے۔
کتاب ’’فیملی کائونسلنگ‘‘ صرف 126 صفحات پر مشتمل ہے۔ کتاب کا موضوع چونکہ انتہائ اہم ہے، اس لیے میری رائے ہے کہ مولف محترم اس پر مزید کام کریں، کیوںکہ اس موضوع پر بہت کچھ لکھا اور بیان کیا جاسکتا ہے۔ ہر خاندان کو فیملی کائونسلنگ کی ضرورت ہے اور یہ کتاب اس ضمن میں بارش کے پہلے قطرے کی حیثیت رکھتی ہے۔
سید عرفان احمد
مدیراعلا ماہ نامہ کامیابی ڈائجسٹ، کراچی
03112427766
www.kamyaby.pk
ہندوستان میں مہاراشٹر اسٹیٹ اردو اکیڈمی سے اس کتاب کو ایوارڈ اور پندرہ ہزار روثنقد انعامی رقم ملی ہے۔
Comments
Post a Comment